ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے شہریوں سے اپیل کہ شدید گرم موسم میں غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں

لودھراں (باقر رضوی سے) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ شدید گرم موسم میں غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور باہر جاتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ اس کے علاوہ باہر کے کام صبح سویرے نمٹا لئے جائیں، ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں، شدید گرمی کی صورت میں سایہ دار اور کھلی ہوادار جگہ پر آرام کریں اور صفائی کا خیال رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) شعیب علی نے کہا کہ ممکنہ طور پرہیٹ ویوو اور سن سٹروک سے متاثر ہونے والے افراد کے چیک اپ و علاج معالجہ اور طبی امداد کی فراہمی کیلئے ہسپتالوں میں ”ارلی رسپانس سنٹرز” قائم ہیں جس کے لئے ادویات سمیت دیگر طبی آلات کی دستیابی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے سکول کے بچوں کوگرمی کی موجودہ شدید لہر کے اثرات سے بچانے کیلئے والدین کی آگاہی کے سلسلے میں تشہیری ذرائع بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ شدید گرم موسم میں ہیٹ ایگزاسٹ، ہیٹ سٹروک اور سن برن کاخدشہ ہے جس سے بچنے کیلئے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عوام کو چاہیے کہ مشقت اور ورزش سے پرہیز کریں، دھوپ کے چشمے استعمال کریں دھوپ میں کھڑی بند گاڑی میں نہ بیٹھیں بچوں کو بند گاڑی میں نہ چھوڑیں،کھانا بھوک رکھ کر کھائیں،کھانے پینے میں احتیاط برتیں، وقفے وقفے سے پانی اور مشروبات پئیں بخار، جسم پر دانے، تیز نبض، غنودگی، شدید پسینہ پیلاہٹ، الٹی، قے، سر درد، گرمی کی شدت سے نڈھال ہوناہیٹ سٹروک کی علامات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیٹ سٹروک کی صورت میں مریض کو ٹھنڈی ہوادار جگہ پر لٹائیں، تیز بخار کی صورت میں ٹھنڈی پٹیاں کریں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں